دبئی : جائیداد خریدنے والے افرادکو رہائشی ویزے کیلئے اہل قراردیدیا گیا
دبئی(جنگ نیوز)دبئی میں جائیداد خریدنے والے افرادکو رہائشی ویزے کیلئے اہل قراردیدیا گیا۔دبئی کے محکمہ آبادکاری کے اعلیٰ حکام عمر مطار بن میزینہ نے ایک خلیجی اخبار کو بتایا کہ ہر کوئی جو ماسٹر ڈیویلپرز کے ذریعے جائیداد خریدے گا وہ رہائشی ویزے کیلئے اہل قراردیدیا گیاہے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت اب بلڈرز اور ڈیویلپرز پر یہ لازم قرار دیدیا گیا ہے کہ وہ جائیداد کے خریداروں سے ہر ممکن تعاون کریں ۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملازمت پیشہ افراد نوکری سے مستعفی ہوجانے کے بعد بھی دبئی میں رہائش کیلئے اہل ہونگے اگر ان کے پاس یہاں جائیداد ہو۔ عمر مطارنے کہا کہ یہ بات جائیدادکے خریداروں پر منحصر ہوگی کہ ان کا ماسٹر ڈیویلپر یا ان کا آ جر ان کی اس سلسلے میں مدد کرے،صرف اتنا ضروری ہے کہ رہائش ویزا طلب کرنے والا جائیداد کا مالک ہو ،انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کا رہائشی ویزا ایک ،دو یا تین سال کیلئے ہوگا جس کے بعدمحکمہ آبادکاری سے اس کی تجدید کرانی ہوگی تاہم جب تک کوئی شخص مذکورہ جائیداد کا مالک ہوگا اس وقت تک وہ رہائشی ویزے پر دبئی میں رہنے کا اہل قرار دیا جائیگا۔
واضح رہے کہ دبئی میں کافی عرصے سے اس حوالے سے افواہیں گردش میں ہیں کہ حکومت کی جانب سے رہائشی ویزے پر پابندی عائد کئے جانے کا فیصلہ کیا جاچکاہے۔
شکریہ جنگ