پنجاب یونیورسٹی ہنگامہ آرائی کرنے والے دو سو افراد گرفتار افراد کو جیل بھجوا دیا
لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب یونیورسٹی میں دو روز بعد حالات معمول پر آ گئے، بوائز ہاسٹلز پر پولیس کی بھاری نفری بدستور تعینات ہے جبکہ ہنگامہ آرائی کرنے والے 196 طلبا کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 2 روز بعد جامعہ پنجاب کا امن بحال کر دیا گیا۔ ہنگامہ آرائی میں ملوث طلبا کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا گیا۔ یونیورسٹی میں کلاسز معمول کے مطابق رہیں تا ہم بوائز ہاسٹل کے باہر بھاری نفری بدستور تعینات ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ معاملہ رفع دفع کرنے کے بجائے ہنگامہ آرائی کرنے والوں سے قانون کے مطابق نپٹا جائے گا۔ دوسری جانب طلبا کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی میں شر پسندی کسی طور قبول نہیں، امن بحال ہونے پر انتہائی خوش ہیں،
پولیس کی نفری ابھی کچھ روز تک یونیورسٹی میں موجود رہے گی تاکہ طلبا کے اعتماد کو اور مضبوط بنایا جا سکے۔