PakStudy :Yours Study Matters

Education News / Students Organisation => Education News => Education News from Sindh => Topic started by: sb on September 13, 2019, 12:47:46 PM

Title: انٹر پری انجینئرنگ, سرکاری 12 کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز کا نتیجہ صفر
Post by: sb on September 13, 2019, 12:47:46 PM

انٹر پری انجینئرنگ, سرکاری 12 کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز کا نتیجہ صفر
کراچی : محکمہ تعلیم سندھ کی تعلیمی ایمرجنسی دھری کی دھری رہ گئی۔ انٹر پری انجینئرنگ سال دوم میں سرکاری 12کالجز و ہائر سکینڈری اسکولز کا کوئی طالب علم کامیاب نہ ہوسکا، نتیجہصفر فیصد رہا۔ مجموعی طو ر پر 32سرکاری اور نجی کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز کے تمام امیدوار فیل ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تعلیم کی بہتری کے لیے صوبہ بھر میں تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا ہوا ہے تاہم تما م تر اقدامات دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ انٹر بورڈ کراچی کے پری انجینئرنگ سال دوم کے نتائج نے محکمہ تعلیم کے تعلیمی اقدامات پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے ۔ انٹر بورڈ کراچی کے نتائج کے مطابق کراچی میں پری انجینئرنگ سال دوم میں سرکاری کالجز کی مایوس کن کا ر کردگی سامنے آگئی ہے ۔ انٹر پری انجینئرنگ سال دوم میں مجموعی طور پر 107سرکاری اور نجی کالجز و ہائر سیکنڈری اسکولز کے 80فیصد سے زائد طلبہ فیل قرار پائے جن میں سے 65سرکاری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز شامل ہیں جبکہ ان میں سے 12سرکاری ڈگری کالجز اور ہائر سیکنڈری اسکولز ایسے ہیں جس کا کوئی بھی طالب علم کامیاب نہیں ہوسکا، ان کے نتائج صفر فیصد رہے۔ ان میں سرکاری ڈگری کالجز کی تعداد 5جبکہ 7ہائر سیکنڈری اسکولز شامل ہیں۔ مجموعی طو ر پر 32سرکاری اور نجی کالجز کا نتیجہ صفر فیصدرہا ہے۔ ان 5 ڈگری کالجز میں گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج پاک کالونی،گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج میٹروول، نصرت بھٹو گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج لیاری، شہید ذوالفقار علی بھٹو گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج لیاری شامل ہے جبکہ ہائر سیکنڈری اسکولوں میں سی ایم ایس گورنمنٹ ہائر سیکنڈری کیمپس اسکول بوائز اینڈ گرلز نشتر روڈ ، علامہ اقبال گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول سہراب گوٹھ، ممتاز گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول لانڈھی ، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول یونیورسٹی روڈ ، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بھریو ولیج ملیر، این جے وی گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول سندھی میڈیم اور گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول احمد داد درسانو چھنو شامل ہیں۔ اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ سائنس پری انجینئرنگ کے سالانہ امتحانات برائے2019ء کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ انٹربورڈ کے چیئرمین پروفیسر انعام احمد نے ان امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ سائنس پری انجینئرنگ گروپ کے امتحانات میں میٹروپولس انٹرمیڈیٹ کالج فار گرلز کی علیشبہ ارشد بنت ارشد الدین رول نمبر 923467 نے 1100 میں سے 1005 نمبرز لے کر اے ون گریڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی۔ گورنمنٹ نیشنل کالج (مارننگ)کے عنایت علی ولد حامد علی رول نمبر 908163 نے 990نمبرز کے ساتھ اے ون گریڈ لے کر دوسری پوزیشن جبکہ آدمجی گورنمنٹ سائنس کالج کے عدنان علی بیگ ولد صابر علی بیگ رول نمبر 906845 اور بی اے ایم ایم پی ای سی ایچ ایس گورنمنٹ کالج فار ویمن کی عائشہ خالد بنت خالد جمیل رول نمبر 924915 نے 989 نمبرز کے ساتھ اے ون گریڈ حاصل کرکے مشترکہ طور پر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ قائم مقام ناظم امتحانات شجاعت ہاشمی نے نتائج کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سائنس پری انجینئرنگ کے امتحانات میں 36173 امیدواروں نے رجسٹریشن حاصل کی جبکہ 35412 امیدوار امتحانات میں شریک ہوئے ، جن میں سے 14060 امیدوار کامیاب قرار پائے ۔ اس طرح کامیابی کا تناسب 39.70 فیصد رہا۔ ان امتحانات میں 848 امیدوار اے ون گریڈ، 2422 اے گریڈ، 3458 بی گریڈ، 4297 سی گریڈ، 834 ڈی گریڈ جبکہ 201 امیدوار ای گریڈ میں کامیاب قرار پائے۔
حوالہ: یہ خبر  روز نامہ دنیا کراچی ستمبر 2019ء کو شائع