Library Sindh Study FG Study quiz Punjab Study
PakStudy :Yours Study Matters

Recent Posts

Pages: [1] 2 ... 10
1
بہاول پور مخالف خیالات کی بنیاد پر شاگرد کے ہاتھوں استاد قتل
 پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر بہاولپور میں بدھ کے روز ایک طالب علم خطیب حسین نے مبینہ طور پر اپنے استاد خالد حمید کو قتل کیا ہے، اس قتل کی وجہ انھوں نے اپنے استاد کے مذہب مخالف سوچ قرار دی ہے۔
بہاولپور کے ایس ای کالج کے طالب علم خطیب حسین کو پولیس نے حراست میں لے لیا ہے۔ ڈی پی او دفتر کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ واقعے کی ایف آئی آر کاٹنے کے لیے انہیں درخواست موصول ہو گئی ہے اور آج ہی اس قتل کا مقدمہ خالد حمید کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا جائے گا۔
دوسری جانب بہاولپور میں ریجنل پولیس آفیسر کے ترجمان ریحان گیلانی نے بی بی سی کو بتایا کہ طالب علم خطیب حسین نے آج صبح چھریوں کے وار کر کے اپنے پروفیسر کو قتل کیا ہے جس کے بعد انہیں موقع سے ہی گرفتار کر لیا گیا۔ یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ کالج میں رواں ہفتے منعقد ہونے والی ایک الوداعی پارٹی کی مخالفت کر رہے تھے۔
نامہ نگار فرحت جاوید کے مطابق پولیس نے بتایا کے خالد حمید ایس ای کالج کے شعبہ انگریزی کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ تھے اور جس وقت ان پر حملہ ہوا وہ کالج میں ہی موجود تھے۔ واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں نے طالب علم کو پکڑ لیا اور ان کے بیان کی ویڈیو بھی بنائی۔
بہاولپور کے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر امیر تیمور نے واقعے کی تحقیقات کے لیے ٹیم تشکیل دی ہے، جو قتل کے محرکات کی تحقیق کرے گی اور دیکھے گی کہ آیا اس قتل میں مزید افراد ملوث ہیں یا نہیں۔
اسی حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک خط بھی گردش کر رہا ہے جس میں کسی طالب علم کا نام لکھے بغیر ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی گئی ہے کہ کالج میں سالانہ فن فیئر کی ریہرسل جاری ہے، جسے رکوایا جائے۔ اس فن فیئر کو غیر اسلامی کہا گیا ہے، تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ ان کی اطلاعات کے مطابق ایسا کوئی خط ڈی سی دفتر میں موصول نہیں ہوا اور معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
خالد حمید کے بھائی راشد حمید نے بی بی سی سے بات کی اور کہا کہ دو دن پہلے بھی اسے لڑکے نے ڈی سی کو خط لکھا کہ کالج میں فنکشن نہیں ہونا چاہییے اور میرے بھائی کو دھمکیاں بھی دیں۔ لیکن انھوں نے گھر میں کسی کو اس بارے میں نہیں بتایا تھا۔ آج صبح یہ لڑکا ان کے دفتر میں داخل ہوا اور ان کی گردن پکڑ کر ان کے سر پر چاقو سے کئی وار کیے۔ وہیں طالبات کا ایک گروپ تھا انہوں نے شور شرابا کیا اور دیگر لوگوں نے اس لڑکے کو پکڑ لیا۔
انھوں نے کہا کہ خالد حمید ایک انتہائی شریف انسان تھے جو مذہبی اور نماز کے پابند تھے، سارا علاقہ گواہ ہے کہ وہ کسی لڑائی جھگڑے میں نہیں پڑتے تھے اور نہایت دھیمی شخصیت کے مالک تھے۔
دوسری جانب خالد حمید کے رشتہ دار اور قریبی دوست زاہد علی خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ ہے جو معاشرے میں پھیلتی عدم برداشت کی وجہ سے اس شخص کے ساتھ پیش آیا جو کبھی کسی سے بلند آواز میں بات نہیں کرتے تھے، وہ نہایت تحمل مزاج، رحمدل اور کالج کے طلبا و طالبات میں نہایت مقبول استاد تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں اپریل 2017 میں خیبر پختونخوا کے ضلع مردان میں عبدالولی خان یونیورسٹی کے طالب علم مشال خان کو جامعہ کے طلبہ نے ان پر توہین مذہب کا الزام لگا کر قتل کر دیا تھا۔
اس واقعے کے کچھ ہی عرصے بعد چارسدہ میں اسلامیہ پبلک کالج کے ایک طالب علم نے اپنے پرنسپل پر مبینہ طور پر توہین مذہب کا الزام لگا کر انہیں قتل کر دیا تھا۔
جبکہ میں پنجاب کے ضلع اوکاڑہ میں 2016 میں پندرہ سالہ لڑکے نے اس وقت اپنا ہاتھ کاٹ دیا جب انہیں لگا کہ انھوں نے توہین رسالت کی ہے۔
حوالہ: یہ خبر بی بی سی اردو ویب سائٹ پر مورخہ 20 مارچ 2019کو شائع ہوئی
2
میٹرک امتحانات ، جونیئر کلرک نے معمولی کوتاہی پر طلبہ پر مقدمہ درج کرادیا
لاہور (علی ارشد سے ) میٹرک سالانہ امتحانات 2019 کے کیمسٹری پرچے کے دوران لاہور کالج بزنس اینڈ سائنس فار بوائز جلو موڑ میں بورڈ انتظامیہ کی انوکھی روایت قائم۔
 میٹرک پرچے کے دوران چیکنگ کی غرض سے سینئر افسران کو نظر انداز کر تے ہو ئے ایک جونئیر کلر ک شاہد علی ٹیپو کو امتحانی سینٹر کی چیکنگ کے لیے بھجوایا دیا گیا۔ بھیجوائے جانے والے کلرک بادشاہ نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہو ئے طلبہ پر پولیس ایف آئی آر کرواڈالی۔
 روزنامہ92نیوز کو ذرائع نے بتایا کہ اعلی تعلیمی و ثانوی بورڈ لاہور کے جو نئیر کلرک شاہد علی ٹیپو کوامتحانی ہرچے کے دوران بورڈ کی بنائی گئی چیکنگ ٹیم میں بھیجا گیا تھا ۔ چھاپے کے دوران مذکورہ کلرک نے اختیارات کا ناجائز استعمال اور بدحواسی کا بدترین مظاہرہ کر تے ہو ئے معمولی نوعیت کی کوتاہیوں کے سبب طلبہ پر ناجائز طورپر تقریبا 6 پولیس ایف آئی آرز درج کرا دیں۔
بورڈ قوانین کے مطابق طلبہ پر امتحانات کے دوران نقل یا امتحانی عمل میں خلل ڈالنے پر پرچے کویو ۔ایم ۔سی کیس بنا تے ہو ئے ضبط کر لیا جاتا ہے ۔ ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ بھیجے جانے والے کلرک بادشاہ نے تمام تر مطلوبہ سہولیات مکمل ہو نے کے باوجود امتحانی مرکز کو بھی بند کروانے اور دیگر نوعیت کی کاروائیاں کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں جو کہ کسی بھی طرح سے اختیارات میں شامل نہیں ہیں ۔
 بورڈ انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آرز کو تاحال ختم کرنے کی کارروائی کا آغاز نہیں کیا گیا ہے ۔ مذکورہ جونیئر کلرک کو ادارے کے اعلی افسر کی خصوصی ہدایت پر لسٹ میں نام شامل کر ایا گیا ہے ۔
 بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے اعلی عہدیدار نے روزنامہ92نیوز سے بات کرتے ہو ئے بتایا کہ جونیئر کلر ک کے خلاف اختیارات کے غلط اور ناجائز استعمال پر سخت کارروائی جلد عمل میں لا ئی جا ئے گی۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ 92 نیوز لاہور ایڈیشن میں مورخہ بدھ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
3

خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کانفرنس
پشاور :انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ پروفیشن ایجوکیشن اینڈ ریسرچ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی (کے ایم یو) پشاورکے زیر اہتمام تین روزہ ساتویں بین الاقوامی میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کانفرنس شروع ہوگئی
دو الگ الگ سیشنز میں میڈیکل ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کے 17 مختلف موضوعات پرورکشاپس منعقد کی گئیں جن میں غیر ملکی کے علاوہ کراچی،لاہور ،فیصل آباداور اسلام آباد کی میڈیکل یونیورسٹیوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے تحقیقی مقالے پیش کئے ۔ورکشاپس سےامریکہ کے پروفیسر ڈاکٹر جیک بولٹ،ملائشیا کے پروفیسر ڈاکٹر عالم شیر ملک، راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے پروفیسرڈاکٹر ادریس انور، عالمی ادارہ صحت ایمرو ریجن مصر کے ڈائریکٹرپروفیسر ڈاکٹرگوہر واجد اوردیگر نے خطاب کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ارشد جاویدنے خطاب کرتے ہوئے
توقع ظاہر کی کہ شرکاء کو میڈیکل ایجوکیشن کے مختلف پہلوئوں کو سمجھنے میں مدد، طبی تعلیم میں درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور مستقبل کا مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کاموقع ملے گا، کانفرنس کی سفارشات کو بروئے کار لانے سے نہ صرف میڈیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر بنایا جا سکے گا بلکہ یہ عالمی سطح پر درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ پشاور ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء  کو شائع ہوئی
4

اسلامیہ کالج ٹیچنگ ایسوسی ایشن کا احتجاجی مظاہرہ
پشاور: اسلامیہ کالج ٹیچنگ ایسوسی ایشن نےمطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈزاٹھارکھے تھے جن پروائس چانسلرکے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے کہا کہ وائس چانسلر اساتذہ کے خلاف انتقامی کارروائیاں کر رہے ہیں
اور اساتذہ پر جھوٹےکیسز بنائے گئے جس کی وجہ سے وہ عدالتوں کے چکر لگا رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی نااہلی کے باعث اسلامیہ کالج میں میگا ترقیاتی کام مکمل نہ ہوسکے ۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسلامیہ کالج یونیورسٹی کے لیے مستقل وائس چانسلر کا بندوبست کیا جائے۔مظاہرین نے دھمکی کی کہ اگرتاریخی درسگاہ کو مزید تباہ ہونے سے بچایا نہ گیا تو احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کریں گے ۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ پشاور ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
5

نقل کے خاتمے کیلئے سب کو اپناکرداراداکرناہوگا،بی ایس او
کوئٹہ: بی ایس اوکے مرکزی وائس چیئرمین خالد بلوچ اورمرکزی کمیٹی کے ممبر عتیق بلوچ نےچیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ پروفیسر یوسف بلوچ سے ملاقات کی اور انہیں دور دراز اضلاع کے طلباءکے مسائل ‘مزید بورڈز کے قیام سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا رہنمائوںنے کہا
کہ بی ایس او امتحانی اور تعلیمی نظام میں دیگر کمزوریوں کے ساتھ نقل کے ناسور کے خلاف ہے بورڈ آفس کی جانب سے میٹرک امتحانات میں نقل کے خلاف ٹھوس اقدمات قابل تعریف ہیں
 لیکن نظام میں موجود خرابیوں کے لئے شعبہ تعلیم سے منسلک دیگر اداروں اور اسٹیک اولڈرز کو بھی اپنا کردار ادا کرنا چاہیے تاکہ نقل کا خاتمہ مکمل طور پر کیا جاسکےبلوچستان کے طویل رقبے کے لئے ایک بورڈ ناکافی ہے خصوصاًمکران کے طلباء اورطالبات کو مسائل کاسامنا کرناپڑتاہے جس پر چیئرمین نے مسائل کے جلد حل یقین دہانی کرائی ۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ کوئٹہ  ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
6

باب العلم اسٹوڈنٹس کے تحت جشن مولود کعبہ
کراچی: باب العلم اسٹوڈنٹس سوسائٹی کے زیراہتمام سالانہ جشن مولود کعبہ20مارچ کوشب 10بجےامام بارگاہ دربار حسینی ملیر میں منعقد ہوگا۔ ڈاکٹر علامہ سید ضمیر اختر نقوی خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ علامہ فرقان حیدر عابدی، مولانا سید محمدعون نقوی، علامہ کو ثرعباس نقوی، علامہ علی عرفان عابدی، علامہ اعجاز حسین زیدی اور علامہ آل عباس نقوی خصوصی شرکت کرینگے۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ کراچی  ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
7

ایئریونیورسٹی ملتان کیمپس میں خودانحصاری واک
ملتان : ایئریونیورسٹی ملتان کیمپس کے زیراہتمام خودانحصاری کے حوالے سے کل واک ہوگی ، جس میں ایئر مارشل (ر ) سہیل امان بھی شریک ہوں گے ،واک گریژن لائبریری نزد عسکری کالونی ملتان کینٹ سے نکالی جائےگی ۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ ملتان ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
8

نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں منعقد تقریری مقابلوں میں ناقص انتظامات
ملتا ن : نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں جنوبی پنجاب کے میڈیکل طلبا کے درمیان تقریری مقابلوں کے دوران ناقص انتظامات کی شکایات سامنے آئی ہیں،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے تحت ان مقابلوں کے لئے نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کو میزبانی دی گئی تھی ان مقابلوں کر گریٹ ڈیبیٹ کا نام دیا گیا تھا،جہاں جنوبی پنجاب کے میڈیکل کالجز کے طلبا و طالبات نے حصہ لیا۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ ملتان  ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء کو شائع ہوئی
9

جامعہ زکریاکے ڈپٹی لائبریرین کی وائس چانسلر خواتین یونیورسٹی سے ملاقات
ملتان : جامعہ زکریاکے ڈپٹی لائبریرین محمد اکرام چودھری نے خواتین یونیورسٹی ملتان کی نئی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عصمت ناز سے ان کے آفس میں ملاقات کی
اور انہیں خواتین یونیورسٹی میں وائس چانسلر کا چارج سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ ملتان ایڈیشن میں مورخہ20 مارچ 2019ء  کو شائع ہوئی
10

کیرئیر کونسلینگ اورانٹری ٹیسٹ کے حوالے سے سیمینار
ملتان: پنجاب کالج کے ڈائریکٹر پروفیسر اسامہ بشیر قریشی نے کہاہے کہ پنجاب گروپ آف کالجز کاادارہ سٹیپ انٹری ٹیسٹ کی تیاری کیلئے ملک کاسب سے بڑا ادارہ بن چکاہے اس کامنہ بولتا ثبوت ہزاروں طلباکاداخلہ لیناہے سٹیپ سے انٹری ٹیسٹ کی تیاری کرنے والے طلباء وطالبات کامستقبل روشن ہے
 ان خیالات کااظہار انہوں نے کیرئیر کونسلینگ اورانٹری ٹیسٹ کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب کالج طلباکو آگے بڑھنے کے تمام موقع ،سہولیات فراہم کرتاہے
 یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان اوربیرون ملک میڈیکل کالجز یونیورسٹیز ودیگر شعبوں میں پنجاب کالج کے طلباء وطالبات کی تعداد سب سے زیادہ ہے
 اورملتان اور جنوبی پنجاب سے بہترین ڈاکٹرز اورانجینئر ز پیدا ہورہے ہیں اس موقع پر لاہورسے آئے ہوئےپروفیسرز کامران گیلانی،محمد ریحان ، جنید جاوید نے انٹری ٹیسٹ اور آگے بڑھنے کیلئے بہترین مشورے دئیے ، آخرمیں نیوزی لینڈ میں شہید ہونے والے افراد کیلئے دعا کی گئی ۔
حوالہ: یہ خبر روزنامہ جنگ ملتان  ایڈیشن میں مورخہ 20 مارچ 2019ء  کو شائع ہوئی
Pages: [1] 2 ... 10