ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے پی ایچ ڈی کا معیار بہتر بنانے اور تحریری مقالے کو 36 ایڈوانس ممالک کے دو ماہرین کی جانچ سے مشروط کر دیا اور ملک بھر کی تمام جامعات اور انسٹیٹیوٹس کو 36 ممالک کی فہرست فراہم کر دی ہے جس کے مطابق جامعات پی ایچ ڈی کرنے والے امیدوار کے تحریری مقالے کی جانچ دو غیر ملکی ماہرین سے کرائیں گی۔ اس مقصد کے لیے 36 ممالک کا انتخاب کرلیا گیا ہے۔ 36 ممالک میں بیشتر ممالک کا تعلق یورپ سے ہے تاہم مصر، بھارت اور ایران کے ماہرین صرف عربی، فارسی، اردو، اسلامیات اور اسلامک اسٹڈیز کے مقالوں کی جانچ کر سکیں گے جبکہ چین صرف سائنس و ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ کے مقالوں کی جانچ کر سکے گا۔ ان 5 ممالک کے علاوہ آسٹریلیا، بیلجیئم، بلغاریہ، کینیڈا، چیک ریپبلک ڈنمارک، فن لینڈ، فرانس، جرمنی، یونان، ہانگ کانگ، ہنگری، آئس لینڈ، آئرلینڈ، اٹلی، جاپان، لیکمبنریبمرگ، ہالینڈ، نیوزی لینڈ، ناروے، پولینڈ، پرتگال، رومانیہ، سنگاپور، ساؤتھ کوریا، اسپین، سوئیڈن، سوئزرلینڈ، ترکی، برطانیہ اور امریکا سائنس، کامرس، تعلیم، بزنس ایڈمنسٹریشن، قانون، طب اور دیگر تمام شعبوں کے مقالوں کی جانچ پڑتال کر سکیں گے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے مطابق پی ایچ ڈی کرانے والا ایک سپروائزر صرف پانچ اسکالرز کو سپروائز کر سکے گا تاہم خصوصی صورتحال کے باعث ہائر ایجوکیشن کمیشن کی منظوری سے یہ تعداد بڑھ کر 8 بھی ہوسکتی ہے۔ شکریہ جنگ