آج سے چند سال قبل ہمارے تعلیمی اداروں میں كھانے پكانے اور سینے پرونے سے متعلق چند باتیں سكھائی جاتی تھیں۔ اور یہ تصور كر لیا جاتا تھا۔ كہ بچیوں كو خانہ داری كے فرائض سنبھالنے كا اہل بنا دیا گیا ہے۔ لیكن تجربے سے ثابت ہو ا ہے كہ تعلیم كو سینے پرونے اور كھانے پكانے تك محدود نہیں رہنا چاہیے۔ خانہ داری كو بخوبی سر انجام دینے كے لیے اوربھی بہت كچھ سیكھنے كی ضرورت ہوتی ہے۔ اور یہ تعلیم انہیں ہوم اكنامكس كے مضمون كے ذریعے آسانی سے دی جا سكتی ہے۔
یہ ایك ایسا مضمون ہے جو ہماری گھریلوں زندگی كے ہر پہلو سے تعلق ركھتا ہے۔ اس كے ذریعے ہماری بچیاں صرف كھانے پكانے سینا پرونا اور گھر كا انتظام كرنا ہی نہیں سیكھتیں بلكہ ان میں خانہ داری كے مختلف مسائل اور معاملات كو سمجھنے اور ان كے حل كرنے كی صلاحیت پیدا ہو جاتی ہے۔ ہوم اكنامكس كے معنی گھریلو معاشیات ہے یہ بہت وسیع مضمون ہے اور اس كا تعلق گھر كے تمام معاملات اور كام كاج سے ہے ۔ عام طور پر خانہ داری میں كھانا پكانا كپڑے سینا بچوں كی دیكھ بھال شامل ہے۔ یہ تمام كام كیسے انجام پاتے ہیں۔ ا س كا انحصار خاتون خانہ كی ذہانت تربیت اور انتظام كرنے كی صلاحیتوں پر ہے۔
ہوم اكنامكس ایك ایسی سائنس ہے جس كے پڑھنے سے انسان اپنے ذرائع كا بہترین استعمال كر كے اپنے گھر كا انتظام ایسے طریقے سے كرتا ہے جو خاندان كی زیادہ سے زیادہ بھلائی اور فائدے كا سبب ہوتاہے۔